اسلامیہ یونیورسٹی رحیم یار خان کیمپس میں جلد بی ایس سرائیکی کلاسوں کا اجراء کر دیا جائے گا پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجزاسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور

اسلامیہ یونیورسٹی رحیم یار خان کیمپس میں جلد بی ایس سرائیکی کلاسوں کا اجراء کر دیا جائے گا پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجزاسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
بہاول پور( )وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی رحیم یار خان کیمپس میں جلد بی ایس سرائیکی کلاسوں کا اجراء کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ویژن کے مطابق تمام زبانوں بشمول سرائیکی زبان ادب و ثقافت کی ترویج کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔ اس بات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجزاسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے رحیم یار خان کیمپس کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر کیمپس میاں محمد عمیر اشرف اور فیکلٹی ممبران سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد رحیم یار خان کیمپس میں شعبہ سرائیکی کے قیام کے لیے تعلیمی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد سے صلاح مشورہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے جامعہ اسلامیہ میں شعبہ سرائیکی کی ترقی کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ اس شعبے میں بی ایس، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی سرائیکی کی سطح پر تدریس و تحقیق کا عمل جاری ہے اور ملحقہ کالجز میں بی ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں میں سرائیکی مضمون پڑھایا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر کی ہدایت پر یونیورسٹی میں دیگر مضامین کے ساتھ بی ایس پروگراموں میں سرائیکی زبان کا کورس بھی شامل کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر میٹرک اور ایف اے کی سطح پر سرائیکی درسی کتب کی تیاری کے لیے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان کیمپس میں بہار کے سمسٹر سے بی ایس سرائیکی کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔