جادہ نشین دربارفرید خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے مابین ملاقات میں خواجہ فرید چیئر کی کارکردگی اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا

بہاول پور( )سجادہ نشین دربارفرید خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے مابین ملاقات میں خواجہ فرید چیئر کی کارکردگی اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اعزازی ڈائریکٹر خواجہ فرید چیئر اور ولی عہد دربارفرید خواجہ راول معین کوریجہ بھی موجود تھے۔خواجہ معین الدین کوریجہ نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب ایک مثالی اور تعلیمی رہنما ہیں جنہوں نے جنوبی پنجاب کے لیے بہترین تعلیمی خدمات سرانجام دیں ہیں۔ رحیم یار خان کی خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بطور بانی وائس چانسلر ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے تین سے چار برسوں میں سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سنگم پر واقع اہم ترین علاقے میں یونیورسٹی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ آج یہ یونیورسٹی رحیم یارخان کے ساتھ ساتھ نواحی اضلاع کے طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں فیض یاب کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔ خواجہ فرید چیئر مینجمنٹ کمیٹی کے فعال ہونے سے خواجہ فرید کی تعلیمات کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نشرو اشاعت ممکن ہو گی۔ کچھ عرصہ قبل گرینڈ خواجہ فرید سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ماہرین فریدیات نے شرکت کی اور یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔ اس موقع پر خواجہ فرید چیئر کے آئندہ منصوبوں خصوصا خواجہ فرید عالمی کانفرنس کے انعقاد سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔