محکمہ بلڈنگ ایم اینڈ آر کے ورک چارج ملازمین 3ماہ سے تنخواہوں سے محروم، فاقہ کشی پرمجبور

بہاول پور( )محکمہ بلڈنگ ایم اینڈ آر کے ورک چارج ملازمین 3ماہ سے تنخواہوں سے محروم، فاقہ کشی پرمجبور، پی ڈبلیوڈی ورکرزیونین کاہنگامی اجلاس، ڈویژنل چیئرمین عبدالسبحان،تنویراحمد،نورشاہ سمیت دیگر عہدیداروں کی شرکت، افضل محمود زونل سیکرٹری کی جانب سے ورک چارج ملازمین کوریگولرکرنے اور تین ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے کے حوالہ سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کو لیٹرجاری کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق افضل محمود زونل سیکرٹری پی ڈبلیوڈی ورکرز یونین کی زیرصدارت آل پاکستان پی ڈبلیوڈی ورکرزیونین کااجلاس ہوا جس میں تمام عہدیداروں نے شرکت کی جس میں طے پایاگیاکہ تمام ورک چارج ملازمین کوریگولرکیاجائے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جوتنخواہ بڑھائی گئی ہے اس کے مطابق سیلری دی جائے جبکہ ایم اینڈ آر کے ملازمین کو3ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ان کوفوری طورپرتنخواہ دئیے جانے کامطالبہ کیا۔ اس حوالے سے زونل سیکرٹری پی ڈبلیوڈی ورکرزیونین کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کو مراسلہ جاری کیاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ بلڈنگ ڈویژن ایم اینڈ آر بہاولپورکے ورک چارج ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی، تمام ملازمین تنخواہ نہ ہونے کی وجہ سے فاقہ کشی پرمجبورہیں ،نہ ہی یوٹیلیٹی ،بجلی، سوئی گیس، واٹرسپلائی کے بل اوربچوں کی سکول فیس ادا کرسکتے ہیں لہٰذا ملازمین کونئے شیڈول کے مطابق بڑھائی گئی تنخواہ دی جائے نیزورک چارج ملازمین کو ریگولرکرن کے احکامات جاری کئے جائیں۔ افضل محمود نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب سے اپیل کی کہ گورنمنٹ سے فنڈز منگوانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ عارضی ورک چارج ملازمین اپنی تنخواہ حاصل کرکے پریشانیوں سے چھٹکاراحاصل کرسکیں اور اپنی تنخواہ کے حصول کیلئے سڑکوں پرنہ آئیں۔