ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

بہاول پور( )ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر فاروق قمر، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس، علامہ عبدالرزاق شائق،سید صلاح الدین جیلانی، کرنل (ر)ڈاکٹر محمد شفیق ، میر جمال، سید زاہد رضا کاظمی، ارشد گورایا،مفتی عطا ء الرحمن، سید نسیم عباس بخاری، محمد عبدالرحمن جامی ، دیگر ممبران امن کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بہاول پور پرامن خطہ ہے اور امن و سلامتی اور بھائی چارہ کی فضا قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوس روٹس کی دیکھ بھال، صفائی اور مجالس مقامات پر صفائی کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر ضلع بھر میں جلوس روٹس کی مرمت، دیکھ بھال اور صفائی کے انتظامات شاندار انداز میں کیے جائیں۔ ڈی پی او محمد فیصل کامران نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوس روٹس و مجالس کے مقامات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبیۖ کے موقع پر ضلع بھر میں جلوس روٹس اور محفل نعت کے مقامات پر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی او نے کہا کہ محرم الحرام ایام میں قیام امن میں ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے ممبران ، تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کا کردار بہت نمایاں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا۔ اجلاس میں صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ محمد یونس، علامہ عبدالرزاق شائق، میر جمال، سید صلاح الدین جیلانی، سید نسیم عباس بخاری اور دیگر ممبران نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے محرم الحرام ایام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جشن عید میلادالنبی ۖ کے موقع پر سیرت کانفرنس منعقد ہوگی اور سرکاری وپرائیویٹ دفاتر کی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔بعدازاں ملک کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔