انٹر کالجیٹ بیس بال چیمپئن شپ کا فائنل میچ دانش پبلک سکول حاصل پور اور گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور کے مابین کھیلا گیا

بہاول پور(ستلج نیوز)انٹر بہاول پور ڈویژن کالجیٹ بیس بال چیمپئن شپ 2022ء کے تحت بہاول پور بیس بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والی انٹر کالجیٹ بیس بال چیمپئن شپ کا فائنل میچ دانش پبلک سکول حاصل پور اور گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور کے مابین کھیلا گیا اوردانش پبلک سکول حاصل پور نے گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور کو 4 کے مقابلہ میں 13سکورز سے شکست دے کر چمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔ میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات بھی منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور راؤ عمر حیات تھے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری بہاول پور ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن بلال مصطفی ،ڈائریکٹر سپورٹس گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بہاول پور محمد نعمان اور اسسٹنٹ پروفیسر سپورٹس سائنسز گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور محمد اقبال سمیت شائقین اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔جنرل سیکرٹری بہاول پور ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن بلال مصطفی نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں بہاول پور ڈویژن کے 7 کالجز نے حصہ لیا۔ڈائریکٹر سپورٹس بہاول پور تعلیمی بورڈ راؤ عمر حیات نے بہاول پور ڈویژن بیس بال ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب ایونٹ منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور بیس بال ایسوسی ایشن کے مشکور ہیں جنہوں نے طلباء کے لیے کالج کی سطح پر اس ایونٹ کا انعقاد کرایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس ایونٹ سے کھلاڑیوں کو رواں ماہ منعقد ہونے والی آل پاکستان انٹر بورڈ بیس بال چیمپئن شپ کی تیاری میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔معزز مہمان نے تقریب کے آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔