رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مبین احمد نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قومی اور بین الاقوامی جامعات کی فہرست میں شمولیت پر مبارکباد دی

بہاول پور( )رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مبین احمد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قومی اور بین الاقوامی جامعات کی فہرست میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے وائس چانسلر کی قیادت میں صرف 2سال کے عرصے میں ہر شعبے میں تاریخ ساز ترقی کی ہے۔ نئے اور جدید شعبہ جات کا قیام ، طلباء طالبات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ، زراعت کے شعبہ خصوصا کپاس کے نئے پروجیکٹس ، ترقیاتی منصوبے اور نئے کیمپسز کا قیام انتہائی اہم کامیابیاں ہیں جو اس علاقے کے تعلیمی ، سماجی اور معاشی حالات کو یکسر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت پور کیمپس کا قیام ضلع رحیم یار خان کی تعلیمی ترقی کے لیے انتہائی مثبت اقدام ہے۔ رکن قومی اسمبلی نے اس موقع پر لیاقت پور کیمپس کی سٹیرنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیاسی و سماجی شخصیت عظیم چیمہ ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔