ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینال کالونی بہاول پور میں پہلے ٹرانس جینڈر سکول کا افتتاح

بہاول پور(ستلج نیوز)سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار نے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینال کالونی بہاول پور میں پہلے ٹرانس جینڈر سکول کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر ٹرانس منیجر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ علیشاہ شیرازی، پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ڈاکٹر سارہ گل، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن جام آفتاب حسین، ڈی پی آئی ایلمنٹری طاہرہ چشتی اور سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان سمیت ٹرانس جینڈرز اور اساتذہ کرام تقریب میں موجود تھے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈرز کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ان کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈرز کو مفید اور کارآمد شہری بنانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔سکول کی افتتاحی تقریب میں تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی کی سعادت ٹرانس جینڈرز نے حاصل کی۔ اس موقع پر پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ڈاکٹر سارہ گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار کا ٹرانس جینڈرز کی تعلیم کے لئے سکول کا قیام احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ٹرانس جینڈرزکی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرکے اپنی کمیونٹی کے لئے رول ماڈل کا کردار ادا کریں اور تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹرز، انجینئرز،آفیسرز اور معاشرہ کے مفید شہری بنیں۔تقریب سے سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان اور ٹرانس منیجر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ علیشاہ شیرازی نے بھی خطاب کیا۔