پٹرولیم چوری کے مقدمات میں اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے موثر پیروی کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد عارف کمال نون

بہاول پور(ستلج نیوز)پنجاب بھر کے پراسیکیوٹرز کو پٹرولیم چوری کے مقدمات میں اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے موثر پیروی کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد عارف کمال نون نے ہیڈ آف سکیورٹی پاک عرب آئل ریفائنری بریگیڈیئر ریٹائرڈ واجد رضا سے دفتر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر منیجر کارپوریٹ سکیورٹی پاک عرب آئل ریفائنری خواجہ ندیم افضل، اے آئی جی سیکورٹی عبد الرزاق چیمہ اورمینجمنٹ ایگزیکٹو لیگل پاک عرب آئل ریفائنری احمد عدنان نے بھی شرکت کی۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مزید کہا کہ ضلعی سطح سے لے کر دفتر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تک پٹرولیم سے متعلقہ مقدمات کی موثر پیروی کے لئے فوکل پرسن مقرر کئے جائیں گے اور ان مقدمات کی مانیٹرنگ کے لیے دفتر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب میں علیحدہ ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا۔ بریگیڈیئر ریٹائرڈ واجد رضا نے بتایا کہ 2200 کلو میٹر لمبی آئل پائپ لائن کو سکیورٹی کے بے شمار خطرات لاحق ہیں۔نیز پائپ لائن سے پٹرول چوری کے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے نہ صرف قومی خزانہ کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اس سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے اس حوالہ سے بھی مناسب ہدایات جاری کیں۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی معاونت ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سعید احمد شیخ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ندیم اقبال خاکوانی نے کی۔